ملتان،24جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے عید قربان پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوور چارجنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے نے انسپکشن ٹیمیں تشکیل دیکر بھرپور ایکشن کیا اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ چلنے والی 40 سے زائد بسیں تھانہ بند کردیں۔
اس موقع پر انسپکشن ٹیموں نے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو سرکاری کرایوں پر مکمل عملدرآمد کا الٹی میٹم بھی دیا۔سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے عید قربان پر گھر جانیوالے شہریوں کو ریلیف دینے کا حکم دیا ہے،تمام بس سٹینڈز پر سرکاری کرایہ نامے اور شکایت نمبر آویزاں کردیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کلر کہار حادثے کے بعد تمام کمرشل گاڑیوں کی فٹنس بھی چیک کی جارہی ہے۔











