میرپورخاص،28جون( اے پی پی): مون سون کے پہلے مرحلے میں آج ہونے والی تیز طوفانی بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری ڈپٹی میئر جنید بلند اور چیف میونسپل کمشنر قاضی اسلم نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔پوسٹ آفس چوک پاک کالونی کھپرو ناکہ چوک سمیت مختلف پانی نکالنے والے ڈسپوزل اسٹیشنس کا جائزہ لیا اور دو پمپنگ اسٹیشنس بند ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر ذین العابدین میمن نے اے پی پی سے بات چیت میں کہا کہ آج کی بارش الرٹ میں شامل نہیں تھی، ایک شاور تھا مگر بارشیں آگے عید کے دنوں تک جاری رہنے کے الرٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صحافت کی نشاندہی پر ضلعی میں کپاس کی خریداری کے ریٹس میں کٹوتی اور کم ریٹ میں لینے کا نوٹس لے لیا گیا جو بھی آڑتی کانٹے والا یا کاٹن جیننگ فئکٹری سرکاری نرخ 8500 في من سے کم میں خریدے گا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی میئر جنید بلندنے کہا کہ شہر بھر سے بل بورڈز سائن بورڈز ہٹائے جارہے ہیں اور مین سڑکوں پر موجود پانی صبح تک نکلا ہوا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کے سینٹری ورکرز انسپیکٹرز کو ساتھ کھڑے ہوکر کام کروائیں گے۔











