اوکاڑہ،29جون(اے پی پی): طیب سعید شہید پولیس لائنز میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نےنمازعیدالاضحی طیب سعید شہید پولیس لائنز میں ادا کی۔
ڈی پی او نے نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعدپولیس افسران اور ملازمین کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور جوانوں میں عیدی تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی اخوت و محبت اور ایثار وقربانی کا پیغام دیتی ہے۔
ڈی پی او منصور امان نےکہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں معاشرے کے محروم طبقات کو شامل کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔انہوں نے
شہداء پولیس اور غازیوں کے اہل خانہ کو پاکستان میں امن وامان کے لئےاپنا کردار اداکرنے پر خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی خاطراپنی خوشیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس ملازمین شاباش کے مستحق ہیں۔
آخر میں ملک پاکستان کے استحکام، ترقی اور امن وامان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











