لاہور؛ آلائشیں پھینکنے ،سری پائے بھوننے پر مکمل پابندی ، دفعہ 144 کا نفاذ

21

لاہور،30 جون (اے پی پی): حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور نہر میں آلائشیں پھینکنے اور سری پائے بھوننے پر مکمل پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔عید کے پہلے روز لاہور نہر میں گندگی اور آلائشیں پھینکے والوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کر کے7 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے جانوروں کی آلائشیں نہر میں پھینکنے والوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا کیونکہ عید کے تینوں دن نہر میں آلائشیں پھینکنے اور سری پائے بھوننے پردفعہ 144 نافز کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے بچنے کیلیے عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اورنہر میں آلائشیں پھینکنے اور سری پائے بھوننے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی پھیلتی ہے۔

 صوبائی وزیر عامر میر نے کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہورکو ہدایت کی کہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔

 انھوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گزشتہ روز دھرم پورہ، مغلپورہ، گڑھی شاہو اور جلو موڑ کے علاقوں میں آلائشیں نہر میں پھینکنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، انتظامیہ ان علاقوں میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور خصوصی عملہ ان علاقوں کی نگرانی جاری رکھے۔