لاہور؛ وزیر اطلاعات عامر میر کا مختلف علاقوں کا دورہ،صفائی کا معائنہ کیا
لاہور، 30 جون(اے پی پی): عید قربان پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے نگران وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر عید کے دوسرے دن بھی فیلڈ میں موجود رہے۔اس سلسلے میں وزیر اطلاعات نے قذافی سٹیڈیم، وحدت کالونی، مصطفیٰ ٹاؤن کولیکشن پوائنٹس سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر عامر میر نے کہا کہ شہر میں صفائی کا بہترین انتظام ہے اور آلائشیں وقت پر ہٹائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں لاہور شہر میں عید الاضحیٰ کے موقع ایسی صفائی کی مثال نہیں ملتی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عید کے پہلے روز لاہور سے ساڑھے سترہ ہزار ٹن کوڑا ہٹایا گیا،ضلعی انتظامیہ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران اور اہلکار فیلڈ میں متحرک ہیں۔ نہر میں آلائشیں پھینکنے کی شکایات پر سات ایف آئی آرز کاٹی جا چکی ہیں، ضلعی انتظامیہ کو دفعہ 144 کی خلاف پر فوری ایکشن لینے کی بھی ہدایات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھرمپورہ، مغلپورہ، گڑھی شاہو اور جلو موڑ کے علاقوں میں نہر میں آلائشیں پھینکے جانے کی شکایات پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو ان علاقوں میں گشت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن نے ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں میں مٹھائی بھی تقسیم کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔











