حاجیوں کی واپسی شروع،پہلی حج فلائٹ کراچی ائیرپورٹ پہنچ گئی، گورنر کا استقبال

30

کراچی، 02 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی ایئر پورٹ پر پی کے  832 سے آنے والے حاجیوں کا استقبال کیااورواپس آنے والی پہلی حج فلائٹ کے 361حجاج کرام کو ہار پہنائے اورحج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔

 اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ حجاج کرام نے حج کے دوران پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ اور ملک سے ڈیفالٹ کے خطرے کا ٹلنا ان ہی کی دعائوں کے باعث ممکن ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ استحاق ڈار کو مبارکباد دیتا ہوں ، لیکن اب ہمیں کوشش کرنا ہوگی کہ یہ آئی ایم ایف سے لیا جانے ولا آخری قرض ثابت ہو، ہمیں اپنے پاک وطن کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، اسے معاشی طور پرمستحکم بنانا ہے تاکہ ترقی و خوشحالی کے ایک سنہرے دور کا آغاز کیا جاسکے۔

 گورنر کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ صوبہ کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اداروں کی توجہ مبذول کرواتا رہوں گا اور بطور وفاق کے نمائندے کے ہر اس چیز کے خلاف آواز اٹھاں گا جو عوامی مفاد کے خلاف ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تین دنوں میں 20ہزار افراد میں راشن تقسیم کیا گیا جبکہ 10ہزار مزید افراد کی رجسٹریشن جاری ہے، انہیں بھی راشن بیگز دئیے جائیں گے۔

 گورنر نے کہا کہ اللہ تعالی نیتوں کے اخلاص کو دیکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مخیر اور صاحب ثروت افراد میرے عوامی فلاح و بہبود کے ہر کام میں ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل پیپلز پارٹی کی قیادت کے سامنے رکھیں گے تاکہ ان کے پائیدار حل کی سبیل نکالی جاسکے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کے ٹیسٹ کا جلد آغاز ہوگا، اس کے علاوہ کم آمدنی والے افراد کے لئے پانچ لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس کے منصوبے کو بھی جلد شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کی درخواست کی ہے تاکہ آئی ٹی کو فروغ دیا جاسکے۔