نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی بزرگان دین کے مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کے پروگرام کی منظوری

22

 لاہور، 3 جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کو یہاں  وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں بزرگان دین کے مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کا فیصلہ کیا گیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مرحلہ وار پروگرام کے تحت مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کے پروگرام کی منظوری دی۔

پہلے مرحلے میں ملتان میں حضرت شاہ شمس تبریزؒ، قصور میں حضرت بابا بلھے شاہؒ، پاکپتن میں بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ اور لاہورمیں حضرت سید عزیزالدین پیر مکیؒ کے مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع ہوگی۔ تمام مزارات کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپ گریڈ کیا جائے گا اور زائرین کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لنگرخانوں کے ساتھ لائبریری، سرائے، واش رومز سمیت دیگر ضروریات کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع سے متعلقہ امور فوری طے کئے جائیں اور جتنی جلد ممکن ہوسکے، مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کے پروگرام پر کام کا آغاز کیا جائے اور داتا دربار کی توسیع کے کام کو جلد شروع کیا جائے۔

نگران محسن نقوی نے بی بی پاکدامن کے مزار کی توسیع کے کام کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔