مریضوں کو ادویات ہسپتال کے اندر سے ملنی چاہئیں اوران کے ٹیسٹ بھی ہسپتال کی لیب سے ہونے چاہئیں، محسن نقوی

52

لاہور4 جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے آج جناح ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی  نے ہسپتال کی حالت زار پرسخت برہمی کااظہار کیا اور ایم ایس کو فوری طورپر تبدیل کرنے کا حکم دیا جبکہ جناح ہسپتال کے پرنسپل کی جواب طلبی کی اور 3دن میں جواب طلب کر لیا۔محسن نقوی نے جناح ہسپتال میں سینئر پروفیسر کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیاہے۔پارکنگ میں اوور چارجنگ کرنے پر ٹھیکیدار کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا اور کنٹریکٹ لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کا حکم دیا۔ ہسپتال میں دیواروں اورچھتوں پر سیم، تہہ خانے میں پانی، مفت ادویات  اور طبی ٹیسٹ نہ ہونے پر مریض وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے پھٹ پڑے۔مریضوں اور تیماردارو ں نے شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ یورن بیگ او رڈرپ سیٹ بھی باہر سے لانا پڑتا ہے۔بیڈز اور بینچ میں کھٹمل اور زمین پر کاکروچ پائے جاتے ہیں۔ مخصوص لیب سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیاجاتاہے۔ایم ایس ڈاکٹر امجد محمود ادویات نہ ملنے اور پرائیویٹ لیبز سے ٹیسٹ کرانے سے متعلق کسی سوال کاتسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ہسپتال کے اکثر اے سی بند یا خراب حالت میں پائے گئے، وارڈز میں حبس اور گرمی سے مریض بے حال تھے۔ ایک خاتون مریضہ نے وزیراعلیٰ کو دہائی دی کہ پینے کیلئے پانی نہیں،پیاس لگے توباہر جانا پڑتا ہے۔کوریڈور او رکمروں میں کاٹھ کباڑ کے ڈھیر لگے

                             ہیں،جس پر محسن نقوی نے کوریڈور میں پڑی ہوئی پرانی اشیاء کو فوری طورپر سٹورمیں شفٹ کرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کے حوالے سے ماسٹر پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف وارڈز اور ویٹنگ روم میں مریضوں اورتیمارداروں سے خود صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے میڈیکل یونٹ،چلڈرن او پی ڈی، ایمرجنسی، سرجیکل وارڈکا معائنہ کیا۔انجیوگرافی روم، سی سی یو،پرائیویٹ رومز،ڈائلسسز یونٹ، یورالوجی وارڈ، آرتھوپیڈک وارڈ،مفت ادویات کاؤنٹر اور ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر کا بھی وزٹ کیا۔محسن نقوی نے ادویات کے سٹور روم،لانڈری اور تہہ خانے کا بھی معائنہ کیا اور تہہ خانے میں موجود پانی کو نکالنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے معروف بزنس مین گوہر اعجاز کے تعاون سے بنائے گئے شیخ اعجاز احمد ڈائلسسز یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مریضوں نے بھی شیخ اعجاز احمد ڈائلسسز یونٹ میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کی تعریف کی۔محسن نقوی نے برن یونٹ کا بھی دورہ کیااور برن یونٹ میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے گوہر اعجاز کی جانب سے بنائے گئے مہمان خانے اورپناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا۔مہمان خانے میں موجود مرد و خواتین او ربچو ں سے کھانے کے معیار کا پوچھا جس پر مہمان خانے میں موجود مرد وخواتین نے کھانے کے معیارکی تعریف کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جناح ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ ہسپتال میں علاج معالجے او ردیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔  مریضوں کو ادویات ہسپتال کے اندر سے ملنی چاہئیں اوران کے ٹیسٹ بھی ہسپتال کی لیب سے ہونے چاہئیں۔ جلد دوبارہ جناح ہسپتال کا دورہ کروں گا۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جناح ہسپتال کے سامنے زیر تعمیر ٹراما سنٹرکا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹراما سنٹر میں 150بیڈز پر مشتمل کارڈیک سنٹر بنایاجائے جبکہ 100بیڈ زٹراما سنٹر کے لئے مختص کئے جائیں۔صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز فنانس، تعمیرات و مواصلات، صحت،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آراور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔