اسلام آباد،4جولائی (اے پی پی): وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تاجکستان کے وزیر دفاع شیرعلی مرزو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،اس دوران دونوں ممالک میں باہمی دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت اور اسکے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہاکہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کاوشوں کو سراہتا ہے، سی پیک گوادر سے کاشغر اور مرغاب تک روابط بڑھانے کیلئے نئے اور منفرد مواقع فراہم کرے گا۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان انٹیلی جنس صلاحیتوں میں اضافے اور تاجکستان کی مسلح افواج کے ساتھ تکنیکی مہارت کے تبادلے میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔تاجکستان کے وزیر دفاع نے دونوں ممالک میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کااظہارکیا۔
سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ)حمود الزمان خان نے بھی ملاقات کی۔











