میرپورخاص ،05 جولائی(اے پی پی ): پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی اسلام آباد کی سیکرٹری اطلاعات شہناز سولنگی نے کہا ہے کہ ملک کے موجود حالات ہم پر مسلّط عمرانی حکومت کی وجہ سے ہے جسکی وجہ سے ملک اور پیچھے چلا گیا، اس عمرانی فتنے سے پیپلزپارٹی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام سے یہ عذاب دور کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صحافت میرپورخاص کے دورے کے موقع پر میٹ دی پریس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ 5 جولائی کا وہ سیاہ دن ہے جس دن جمہوریت پر وار کیا گیا اور ایک آئین توڑنے والے ڈکٹیٹر نے آئین بنانے والے کو گرفتار کروایا اور ملک میں مارشالہ نافذ کردی جس کے بعد آج تک ملک سنبھل نہیں پایا ہے۔
اس موقع پر ایک سوال پر شہناز سولنگی نے بتایا کے میرپورخاص میں بجلی، گیس، پانی سمیت دیگر مسائل سمیت صحافیوں کے مسائل کو پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہمیشہ آزاد صحافت پر یقین رکھتے ہیں، انشاءاللہ جلد صحافیوں کے لئے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔











