بھکر،05 جولائی (اے پی پی ): حکومت پنجاب کے اینٹی ڈینگی ایکشن پلان کے سلسلہ میں ضلعی محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات کا مشترکہ اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کی۔
اجلاس کے دوران ضلع میں اینٹی ڈینگی ایکشن پلان کے ضمن میں مختلف امور کاجائزہ لیا گیا اور مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات وضع کرکے ان پر عملدرآمد کے ضمن میں محکمہ صحت اور دیگر معاون محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو احکامات جاری کئے کہ مقررہ ایس او پیز کے مطابق متعلقہ دائرہ کار کی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دی جائیں کسی قسم کی بوگس کارروائیوں کو قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں روزانہ کی رپورٹس مرتب کی جائیں۔
اسی طرح سی اوز ایم سیز کو تاکید کی گئی کہ صفائی کے عمدہ انتظامات یقینی بناکر کباڑ خانوں ،ٹائر شاپس اور ڈینگی مچھر کی دیگر بریڈنگ سائیٹس پر انسداد ڈینگی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔











