اوکاڑہ؛ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران ریسکیو1122 نے 568 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کیا

17

اوکاڑہ،05جولائی(اے پی پی): ریسکیو 1122 نےعید الاضحی کی تعطیلات کے دوران 568 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے539 افراد کو مدد فراہم کی  جبکہ  تحصیل اوکاڑہ میں 408، تحصیل دیپالپور میں 111اور تحصیل رینالہ خوردمیں49ایمرجنسیز میں مدد فراہم کی گئی۔

میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران ریسکیو1122 اوکاڑہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو1122اوکاڑہ کو 3407کالزموصول ہوئی جن میں568ایمرجنسی کالزتھیں۔ ایمرجنسی کالز میں 188روڈٹریفک حادثات، 294 میڈیکل، 8آگ لگنے کے واقعات،28کرائم اور 55متفرق قسم کے حادثات شامل تھے۔ 568 ایمرجنسیز میں 539 افراد متاثر ہوئے جن میں 107کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 422 متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا اور 10 افراد ان حادثات میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تعطیلات کے دوران 188 روڈ ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 199 افراد متاثر ہوئے جن میں 62 کو موقع پر ابتدائی طبی امداددی گئی، 136 افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ01فرد موقع پر جان بحق ہوا۔ آگ لگنے کے 08واقعات ہوئے جن میں 1 رہائشی علاقہ اور7 واقعات مختلف علاقوں میں پیش آئے،ان واقعات میں ریسکیو1122 نے بروقت ریسپانس کرتے ہوئے تقریباََ 05ملین کی پراپرٹی کو محفوظ کیا۔

ریسکیو موٹر بائیک سروس کے ذریعے شہر بھر میں 81ایمرجنسیز پر ایوریج ریسپانس ٹائم کو برقرار رکھتے ہوئے 82 افراد کو مدد فراہم کی۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت ضلع بھرمیں 54 مریضوں کو بہتر طبی امداد کے حصول کیلئے منتقل کیا گیا۔21 مریضوں کو ضلع بھر سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ منتقل کیا گیا جبکہ33افراد کو بہتر طبی امداد کے حصول کیلئے ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ عملہ کے زیرِ نگرانی میں دوسرے اضلاع کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ضلع بھر کے تفریحی مقامات پاک انڈو باڈر، ہیڈسیلمانکی پارک، پیپلی پہاڑفارسٹ پارک و دیگر پر بھی ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے ریسکیو پوسٹس قائم کی گئیں۔