نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا گنگا رام ہسپتال کا دورہ،مزنگ واقع میں زخمی افراد کی عیادت کی

17

لاہور،6 جولائی(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کو یہاں  گنگا رام ہسپتال کی ایمرجنسی کا دورہ کیا، مزنگ ہسپتال سے ملحقہ عمارت کی دیوار گرنے کے باعث ویٹنگ ایریا کی چھت گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی –

محسن نقوی نے ایم ایس گنگا رام ہسپتال کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی جائے اور علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،تمام زخمی افراد کا بہترین علاج معالجہ ہونا چاہیے۔

وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔انہوں نے زخمی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔

بعد ازاں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزنگ ہسپتال سے ملحقہ شادی ہال کی دیوار گری جس سے زخمی ہونے والے 14 افراد کو گنگا رام ہسپتال لایا گیا جن میں سے4 کی حالت تشویشناک ہے، شادی ہال کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمی افراد کی مالی امداد کی جائے گی اور زخمیوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی بہترین ٹیم زخمیوں کا علاج کر رہی ہے، ڈاکٹر جاوید اکرم علاج معالجے کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ضرورت پڑی تو زخمیوں کا علاج کسی اور ہسپتال سے بھی کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں نکاسی آب کی صورتحال کنٹرول میں ہے،صوبائی وزراء کو بارش اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ڈویژن الاٹ کر دیئے ہیں، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں – 8 صوبائی سیکرٹریز متعلقہ زونز میں واسا کی کارکردگی اور نکاسی آب کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، صوبائی سیکرٹریز بارش کی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے رات گئے تک متعلقہ علاقوں میں رہے اورآج صبح سے بھی وہیں موجود ہیں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی نکاسی آب کے آپریشن کے انتظامات کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتہائی بوسیدہ حالت والے گھروں کو خالی کرا رہے ہیں تا کہ مزید ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ عیدالاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات کا کریڈٹ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے بھائی کی خودکشی کے واقعہ کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، اظفر علی ناصر، کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔