لاہور،06جولائی ( اے پی پی ):نگران وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ پنجاب کی دوددھ اور گوشت کی برآمدات کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہایت ضروری ہیں، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق پنجاب میں لائیوسٹاک سیکٹر کو ترقی دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سمال اینٹرپرائزز زون پراجیکٹ میں میٹ اور ڈیری پراسیسنگ زون کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی۔
ابراہیم حسن مراد نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ میٹ اینڈ ڈیری پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لائیوسٹاک فارمنگ کو جدید خطوط پر استوار کر کے سالانہ کروڑوں ڈالر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔
نگران وزیر نے کہا کہ چین سمیت متعدد ممالک پاکستان سے گوشت کی درآمد میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ اس سمت میں پیشرفت کے لئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے توسط سے میٹ ایکسپورٹ میں اضافہ یقینی بنائیں گے۔











