میرپورخاص، 06 جولائی (اے پی پی): ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ تھرکول ایک اہم قومی منصوبہ ہے جس کی سیکورٹی میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، کوشش کی جارہی ہے کہ تمام عوامل کا باریک بینی سے جائزہ لے کر تھر کول پروجیکٹ کی سیکورٹی کے ضمن میں جو بھی تجاویز ہیں ان پر عمل کر کے سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں تھرکول بلاک ون اور ٹو کی سیکورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کو ہدایت دی کہ تھرکول کی زمینوں پر جو بھی تجاوزات ہیں انہیں ہٹایا جائے اور تھرکول انتظامیہ کے ساتھ ملکر سروے کیا جائے جس میں یہ تعین کیا جائے کہ وہ لوگ جو مختلف سروسز فراہم کر رہے ہیں انہیں کہاں جگہ دی جائے جبکہ ان لوگوں کی بھی پوری ویریفیکیشن کی جائے۔ انہوں کو کہا کہ ضلع تھر پارکر میں مذہبی ہم آہنگی ہے اور لوگ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہیں اس لیے کوئی بھی اقدام اٹھانے سے قبل مقامی طور پر موجود عوامل کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں۔
کمشنر نے ایس ایس پی تھرپارکر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھر کول کے اطراف سرویلنس بڑھائیں اور آپس کے کوارڈینشن میں اضافہ کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شئیر کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تھرکول کے ملازمین چاہے وہ مقامی ہو یا باہر کس اور شہر سے آیا ہو اس کی پوری ویریفیکیشن کی جائے جبکہ ریکروٹمنٹ کے وقت بھی امیدواران کا ڈیٹا لیا جائے اور ریکروٹمنٹ کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول میں جو بھی نئے لوگ آتے ہیں ان کی پروفائلنگ کی جائے تا کہ آپ کے پاس ایک ڈیٹا بیس اکھٹا ہو سکے جو آئند آنے والوں دنوں میں آپکے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔
کمشنر نے تھرکول انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ سیکورٹی آپ کی لائف لائن ہے اس لیے اس ضمن میں کس بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نا کیا جائے کیونکہ تھرکول کو چاروں اطراف سے سرویلنس کی ضرورت ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ تھرکول انتظامیہ پکی نہیں تو کچی سڑکیں بنائیں اور واچ ٹاورز میں اضافہ کیا جائے تاکہ سرویلنس کے کاموں میں آسانی ہو ۔











