/
سیالکوٹ،6جولائی (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے ہدایت کی ہے کہ مون سون کے دوران فلڈ ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تمام محکمے الرٹ رہیں، ریلیف پلان کے تحت فلڈ ریلیف کیمپس فوری قائم کر دیے جائیں، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی سمیت تمام انتظامات پر بھی یکساں توجہ دی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے فلڈ ریلیف پلان بارے بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں حکومت پنجاب مکمل طور پر الرٹ ہیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں اور ریسکیو 1122 کے پاس دستیاب تمام مشینری فنکشنل ہونی چاہیے، متعلقہ افسران اس حوالے سے سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ہنگامی حالات میں ممکنہ بریچنگ پوائنٹس کا خود معائنہ کریں۔
نگران صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں ڈی واٹرنگ سیٹ لگے ہیں انکے ساتھ جنریٹرز کا بھی انتظام کیا جائے، سیوریج منصوبہ کی کھدائی کے مقام پر شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران ہی ماہ محرم الحرام کا آغاز ہو جائے گا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو فلڈ ریلیف ایکٹویٹیز کے ساتھ لاء اینڈ آرڈر پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہوگی، اس مقصد کے لیے دستیاب افرادی قوت کا موثر استعمال ناگزیر ہے، لہذاٰکسی بھی افسر یا اہلکار کو چھٹیاں نہ دی جائیں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 22 ریلیف کیمپوں کے قیام کے لیے انتظامات کیے جا چکے ہیں، نہروں میں نہانے پر پابندی عائد ہے، چھ مقامات پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جا چکی ہیں اور تمام محکموں کی مشترکہ ریلیف مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
کمشنر گوجرانولہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی پی او حسن اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔











