اوکاڑہ:وزیر اعظم کا حکومتی سطح پر یوم تقدس قرآن منانے کااعلان پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی ہے،ماسٹر آف ایکسی لینس

12

اوکاڑہ،07جولائی(اے پی پی ( : دی ماسٹر سنٹر آف ایکسی لینس کراٹے کے زیر اہتمام یوم تقدس قرآن پاک کے سلسلہ میں تقریب کاانعقاد کیا گیا ۔

سنٹر آف ایکسی لینس کے ماسٹرز اور طالبعلموں کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا، اس موقع پر کھلاڑیوں نے قرآن پاک کو بوسے دے کر اپنی عقیدت کا اظہارکیا۔

اس موقع پر سنٹر آف ایکسی لینس کے ماسٹر محمد وسیم طارق نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کا 7جولائی کو حکومتی سطح پر یوم تقدس قرآن پاک منانے کااعلان پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی ہے، مسلمانوں کا مطالبہ ہے کہ عالمی سطح پر اس حوالے سے قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میںقرآن مجید کی توہین کھلی دہشتگردی ہے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے اور اشتعال دلانے کی جو سازش کی گئی ہے اس سے دنیا میں امن کا خطرہ ہو سکتا ہے ،آزادی اظہار کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیاجاسکتا ،اس گھٹیا عمل سے دنیابھر کے مسلمانوں کے احساسات کو بری طرح ٹھیس پہنچی ہے اور عالم اسلام کی غیرت کو للکارا گیا ہے، اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، قرآن کریم کی عزت و حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ساری دنیا جانتی ہے کہ مسلمان قرآن کی حرمت کے لئے اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے، اسلام ایک امن پسند مذہب ہے۔

سنٹرآف ایکسی لینس کے ماسٹرنعیم اخترنے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ہمیں برداشت نہیں بے حرمتی کرنے والے خبیث کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی مذموم حرکت نہ کر سکے اور اس شر انگیز واقعہ پر سویڈن معافی مانگے۔

نعیم اخترنے کہا کہ عالم کفرجتنا قرآن اور صاحب قران کی حرمت کو گھٹانے کی کوشش کرتے ہیں مسلمانوں میں اتنی ہی محبت بڑھتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ خود لیا ہوا ہے تو کوئی خبیث کیسے پاک کی حرمت گھٹا سکتا ہے؟،ایسی مذموم حرکات سے عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

 تقریب کے اختتام پر سنٹرآف ایکسی لینس کے ماسٹرزنعیم اختر، محمد وسیم طارق، محمد اکرم ،شیر جنگ خان اور کھلاڑیوں نے سویڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔