پاکپتن میں ملک بھر کی طرح قرآن پاک کی عظمت کے سلسلہ میں یوم تقدیس منایاگیا

18

پاکپتن،07 جولائی(اے پی پی): ملک کے دیگر اضلاع کی طرح پاکپتن میں بھی قرآن پاک کی عظمت کے سلسلہ میں یوم تقدیس منایا گیا اور سویڈن میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

نماز جمعہ کے وقت مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جماعت اہل سنت سمیت دیگر مذہبی جماعتوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

ریلیوں کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے،ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ قرآن پاک مسلمانوں کی مقدس کتاب ہے اور پوری امت مسلمہ کے لئے نورِ ہدائت کا سرچشمہ ہے،ہم کسی کو اجازت نہیں دیتے کہ وہ ہماری مقدس ہستیوں اور مقدس کتاب کی توہین کرے۔

ریلی کے شرکاءکا کہنا تھا کہ قرآن پاک ہماری ریڈ لائن ہے،ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلام کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈے کو ناصرف روکا جائے بلکہ گستاخوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔

ریلیوں میں تاجر برادری،وکلاء برادری،صحافی برادری سمیت سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔