سکھر؛سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں کلام پاک کی بے حرمتی ،ڈیویلپمنٹ الائنس سراپا احتجاج

10

سکھر،07جولائی(اے پی پی): سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئی۔

 چیئرمین حاجی محمد جاویدمیمن کی قیادت میں صرافہ بازار سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ایس ڈی اے رہنماوں حاجی غلام شبیر بھٹو، علامہ نور احمد قاسمی، عبدالباری انصاری و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے سویڈن حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کر کے ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا کہنا تھا کہ قرآن مجید فرقان حمید کی بے حرمتی اور آقائے دو جہاں رحمت العالمین ﷺ کی ناموس کے خلاف شر پسند عناصر کے حملے صرف اور صرف بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے، اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جس کا پیغام سب کیلئے خیر خواہی ہے قرآن مجید فرقان حمید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں اس طرح کے واقعات پر عالمی برادری نے روک تھام نہیں کی تو تمام دنیا کے مسلمان سڑکوں پر آکر بھرپور احتجاج کرینگے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان مسلمانوں کی حقیقی لیڈر شپ کے طور پر سامنے آئے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کرے۔