کراچی۔ 07 جولائی (اے پی پی):سائوتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپین شپ میں پاکستان کے تینوں باڈی بلڈرز نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز جیت کر مالدیپ میں پاکستان کا قومی ترانہ اور سبز ہلالی پرچم سر بلند کردیا۔ مالدیپ سے جمعہ کویہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق سائوتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپین شپ میں پاکستان نے ایک گولڈ اور دو برانز میڈلز جیتے ہیں، پاکستان کے شہزاد قریشی نے 80 کلوگرام کٹیگری میں بھارتیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل جیتاجبکہ ابراہیم خان نے جونئیر کٹیگری کے 75 کلوگرام کٹیگری میں برانز میڈل اور شاہد اللہ نے 70 کلوگرام میں برانز میڈل جیتا ہے۔ شہزاد قریشی نے گزشتہ ایونٹ میں بِھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔ مزیدبرآں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور نے تینوں باڈی بلڈرزکی کارکردگی کو سراہاہے۔مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور مالدیپ کے وزیر کھیل بھی ایونٹ کے موقع پر موجود تھے۔











