جدہ، 09جولائی(اے پی پی):سردار مہتاب سرور کے زیرِ انتظام و سردار اسرار بشیر کی میزبانی میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی تفریح کیلئے محفل شعر خوانی کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف شعر خواں شہزادہ کشمیر راجہ عبدالحفیظ بابر اور سردار فرحان نے سماں باندھا اور اپنی پرفارمنس سے حاضرین محفل کو خوب محظوظ کیا. حمد باری تعالی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم، ملی نغموں اور مختلف گانوں سے جہاں محفل کے شرکاء کو تفریح کا موقع فراہم کیا وہاں شرکاء محفل نے بھی ان نغموں پر کھل کر داد دی۔
کشمیری ترانوں پر مجمع جھوم اٹھا، منچلوں نے نغمات پر بھنگڑے بھی ڈالے اور بسا اوقات کشمیر کی آزادی کے لیے آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرا کر نعرے بازی بھی کی۔ حاضرین نے شہزادہ کشمیر راجہ عبدالحفیظ بابر کو متعدد مرتبہ گانا گاتے ہوئے کندھوں پر اٹھا کر پنڈال میں گھمایا۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ بہت سارے نوجوان اپنے ساتھ آزادکشمیر کے جھنڈے لیکر آئے ہوئے تھے جو کہ پنڈال میں مختلف جگہوں پر لہراتے رہے۔ تقریب میں نہ صرف جدہ بلکہ سعودی عرب کے دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔
تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے کہا کہ ایسے پروگرامز اور تقاریب کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے کیونکہ اس سے کمیونٹی کو جہاں مل بیٹھ کر وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے وہاں انکو پورا ہفتہ مصروفیت اور سخت کام کرنے کے بعد تفریح بھی میسر آتی ہے جس سے وہ لطف اندوز ہو کر اپنی تھکاوٹ کو دور اور اپنی پریشانیوں کو بھلانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
کشمیری کمیونیٹی کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیات سردار ایم اشفاق، راجہ شمروز، چوہدری خورشید متیال، چوہدری معروف حسین، چوہدری محمود حسین، چوہدری نعیم رحیم، چوہدری خورشید، چوہدری ریان متیال نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
یاد رہے کہ مذکورہ شعر خوانوں کے دو پروگرام ایک ریاض اور ایک دمام میں بھی ہوچکے ہیں، ان پروگراموں میں بھی کشمیری کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔