رحیم یار خان ، 10جولائی(اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے پیر کو یہاں شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال ایمرجنسی کے تمام شعبوں میں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر آئی سی یو، اپریشن تھیٹر، کارڈک ایمرجنسی، ٹراما، ڈائلائسز، برن یونٹ گئے۔چلڈرن ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، ڈینگی، ایکسرے، سٹی سکین، ایمرجنسی فارمیسی سمیت دیگر شعبوں کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس جوانوں سمیت آئی سی یو وارڈ میں انتہائی نگہداشت زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنی موجودگی میں دو مرتبہ شیخ زید ہسپتال کی الیکٹرک سپلائی معطل ہونے کا نوٹس لیا اور موقع پر ہی ایس ای میپکو کو شیخ زید ہسپتال کو بلا تعطل بجلی فراہمی کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس کے ڈیوٹی روسٹر اور دستیاب ادویات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جبکہ اس موقع پر ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید نے بھی ایمرجنسی میں دستیاب سہولیات بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تین صوبوں کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے والا شیخ زید ہسپتال نہایت اہمیت کا حامل ہے، شیخ زید ہسپتال بلخصوص ایمرجنسی میں تمام مشینری کو فنکشنل رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مریضوں اور ورثاء کے لئے سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے، ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں کو ادویات کی مفت دستیابی یقینی بنائے جائے، شیخ زید ایمرجنسی میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس سٹاف ہمہ وقت دستیاب ہونے چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے مزید کہا کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس سٹاف کے ڈیوٹی روسٹرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں، ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے،ڈائریکٹر ایمرجنسی تسلسل کے ساتھ مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری کو چیک کریں۔











