اسلام آباد،11جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب کی روک تھام سے متعلقہ اداروں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے ، صوبے اور ادارے باہمی تعاون سے پری فلڈ سٹرٹیجز پر کام کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل فلڈ کمیشن کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 2023 میں مون سون موسم کی صورتحال اور سیلاب سے بچائو سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واپڈا کے نمائندوں نے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ جولائی سےستمبر تک موسم مجموعی طور پر نارمل رہے گا اور ملک میں بارشوں کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ خارج از امکان ہے۔ فلڈ کمیشن کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچھ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہے مگر صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
محکمہ موسمیات کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کئی پروگرام زیر عمل ہیں جن میں نئے ریڈارز کی تنصیب اور نئے فورکاسٹ سنٹرز کا قیام شامل ہے۔ آرمی انجینئرنگ کور کے نمائندے نے پری فلڈ تیاری کے بارے میں بریفنگ دی اور کم محفوظ علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کی روک تھام کیلئے پالیسی کے مطابق ان علاقوں میں کام جاری ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت سیلاب کی روک تھام سے متعلقہ اداروں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ماسٹر پلان زیر عمل لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرات کو کم کرنے کیلئے تمام ممکنہ سٹرٹیجز پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے اور ادارے باہمی تعاون سے پری فلڈ سٹرٹیجز پر کام کریں تاکہ سیلابی خطرے سے دوچار تمام علاقوں کو مکمل طور پرمحفوظ بنایا جا سکے۔











