شیخوپورہ؛ امام بارگاہوں ، مذہبی عبادت گاہوں میں فول پروف سیکورٹی ، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

22

شیخوپورہ،11 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور  نے کہا ہے کہ امام بارگاہوں ، مذہبی عبادت گاہوں میں فول پروف سیکورٹی ، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔  محرم الحرام میں مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بہترین اور فول پروف انتطامات کیے گئے ہیں تا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا قائم رہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے ڈسٹرکٹ پولیس افیسر زاہد نواز مروت کے ہمراہ محرم الحرام میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)  عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنرز ، متعلقہ ضلعی اداروں کے سربراہان ، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور اراکین ضلعی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی نے شرکت کی۔ تمام مذاہب و مسالک کے علماء اکرام سمیت کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور ماہ محرم الحرام میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کی یقینی دہانی کروائی۔

ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے کہا کہ محکمہ پولیس ، ریسکیو ، سول ڈیفنس ، ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام مسالک و مذاہب کے علمائے کرام اپنے خطبات میں معاشرے کو امن ، محبت اور رواداری کا درس دیں اور  باہمی بھائی چارے کو فروغ دیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میں ذاتی طو ر پر امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لوں گا اور اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں  نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ محرم الحرام  اور بالخصوص عاشور کے موقع پر عوام الناس کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں پائیدار امن کے قیام ، اتحاد ، یگانگت اور  بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لئے علماء کرام ، ممبران امن کمیٹی اور تمام مذاہبِ کے اکابرین اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالہ سے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ، امن کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، تمام ادارے محرم الحرام کے دوران پر امن ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے ضلعی انتطامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی ، صفائی ستھرائی و دیگر بہترین اور فول پروف انتظامات پر ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور اور ڈی پی او زاہد نواز مروت کی کوششوں کو سراہا اور  سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔