عرس بابا فرید اور محرم الحرام کے حوالے سیکیورٹی پلان تشکیل،تین ہزار سے زائد پولیس افسراان و اہلکار فرائض انجام دیں گے

30

پاکپتن،11 جولائی (اے پی پی):برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے781ویں سالانہ عرس اور محرم الحرام کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس پاکپتن نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیلئے 3000 سے زائد پولیس اہکار وافسران فرائض سرانجام دیں گے۔

ڈی پی او طارق ولائت نے کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس پر تقریباً 1400 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران ڈیوٹی سر انجام دیں گے، جن میں 1 ڈی پی او ،1 ایس پی، 4 ڈی ایس پیز،  13 انسپکٹرز، 37 سب انسپکٹرز، 100 اے ایس آئی، 113 ہیڈ کانسٹیبل, 1115 کانسٹیبل،50 لیڈی کانسٹیبلان شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  عرس حضرت بابا فرید الدین پر 1600 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران ڈیوٹی سر انجام دیں گے،ڈیوٹی سر انجام دینے والوں میں 1 ڈی پی او ،1 ایس پی، 6 ڈی ایس پیز، 19 انسپکٹرز، 67 سب انسپکٹرز، 80 اے ایس آئی، 132 ہیڈ کانسٹیبل, 780 کانسٹیبل،60 لیڈی کانسٹیبلان ، کے علاوہ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاران اور 300 سے زائد پیٹرولنگ پولیس کے افسران و اہلکاران اور 179 سے زائد سول ڈیفنس کے اہلکار شامل ہیں۔

ڈی پی او طارق ولائت نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،سیکیورٹی کے لیے پاکپتن پولیس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری اور دوسرے اضلاع سے بھی پولیس منگوائی جارہی ہے تا کہ ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا سکیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ عرس اور محرم الحرام کو بین المسالک ہم آہنگی کے ساتھ گزاریں اور امن و امان کی فضا قائم رکھنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

ڈی پی او پاکپتن نے کنٹرول روم اور وی آئی پی روٹ کا بھی دورہ کیا اور روٹ کے تمام پوائنٹس کو چیک کیا اور پوائنٹس کے بارے میں بریفنگ لی۔