اسلام آباد، 11 جولائی (اے پی پی ):سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے منگل کو یہاں ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان سے اپنی جامع عملی پالیسی کے فیصلوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور بے مثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔
ایئر چیف نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
سعودی عرب کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ سعودی سفیر نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے تربیتی شعبے سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ اور سعودی عرب کے سفیر کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے مابین مذاکرات اور باہمی تعاون کے زریعے موجودہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔











