لاہور،13جولائی ( اے پی پی ) : کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت انوسٹی گیشن ونگ کے اعلیٰ افسران کا اہم اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا جس میں زیرِ تفتیش مقدمات، زیرِ التواء روڈ سرٹیفکیٹس اورخاموش ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے محکمانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے زیر ِتفتیش مقدمات اور پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس جمع نہ کروانے پرا نچارج انوسٹی گیشن کی سخت سرزنش کی اور ہدایت کی کہ کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ جو افسر کام کرے گا وہی اپنی سیٹ پر رہے گا ، انچارج (انوسٹی گیشن)زیر التوا ءکیسز ختم کریں ورنہ محکمانہ کارروائی کے لئے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز زیر ِتفتیش مقدمات، پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس اور خاموش ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے اقدامات اٹھائیں،سرکاری فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ سی سی پی او نے ایس ایس پی(سی آئی اے) اور ایس پی(اے وی ایل ایس) کو زیر ِتفتیش مقدمات اور پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی سی آئی اے نے اجلاس کو بتایا کہ زیرِ التواءمال مقدمے ترجیحی بنیادوں پر جمع کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مقدمات کے چالان کی تکمیل، روڈ پینڈینسی کے خاتمہ اور ریکوری میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے ،عادی مجرمان اور مفرور ملزمان و اشتہاریوں کی بیخ کنی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منشیات فروشوں اورقبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاون کا حکم دیا اور مزید کہا کہ خاموش ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر ریکارڈ کا حصہ بنا یاجائے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)عمران کشور، ایس ایس پی (سی آئی اے) کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اورانچارجز (انوسٹی گیشن) نے شرکت کی۔











