نارووال،14جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے ہاؤس کیپنگ پر توجہ دی جائے،سرکاری دفاتر میں صفائی یقینی بنائی جائے ، چھتوں ، راستوں میں کھڑے پانی کا فوری نکاس کیا جائے ۔
انہوں نے یہ بات انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ ٹیمیں سرویلنس کا نظام موثر بنائیں ، ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت شہریوں کوڈینگی سے آگاہی اور بچاؤ کے لیے موثر آگاہی مہم چلائے، ضلع بھر میں نرسریوں ،کباڑ خانوں ،قبرستانوں اور ٹائرشاپس کی پڑتال کا عمل جاری رکھاجائے۔
اجلاس میں فوکل پرسن نے ڈپٹی کمشنرنارووال کو ضلع بھرمیں تمام محکموں کی طرف سے انڈور اورآوٹ ڈورٹیموں کی طرف سے ڈینگی سرویلینس کے بارے آگاہ کیا۔
اجلاس میں اے ڈی سی آر راناامجدعلی،اسسٹنٹ کمشنرز فاروق اعظم،خضرظہورگورائیہ،چیف ایگزیکٹوآفیسرصحت ڈاکٹرنویدحیدر فوکل پرسن انسدادڈینگی محمدطارق کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران نےشرکت کی۔











