نوشہرو فیروز؛محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنا تمام مذہبی جماعتوں اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

14

نوشہرو فیروز،15 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبراور اخوت قائم رکھنے کا درس دیتا ہے ،محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنا تمام مذہبی جماعتوں اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس ایس پی کیٹن (ریٹائرڈ) صدام حسین خاصخیلی، رینجرز، پاک فوج، صحت ، لوکل گورنمنٹ، سول ڈفینس، سیپکو، سوئی گیس، ٹاؤن و میونسپل افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے انجنیئر سیپکو کو ہدایت کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران شام اور رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔ انہوں نے میونسپل اور ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے روٹوں کی فوری طور صفائی کرائی جائے  اور روٹ پر موجود بجری، ریتی، مٹی  اور دیگر تعمیراتی سامان فوری طور پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت کی ماتمی جلوسوں  میں مطلوبہ ادویات، ایمبولینس اور پیر امیڈیکل عملے  کو مقرر کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی نوشہروفیروز نے کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کو ہمیشہ  کی طرح سیکورٹی فراہم کی جائے گی جس کے لئے سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں شریک علمائے کرام نے شہروں میں گندگی، لوڈ شیڈنگ اور غیر قانونی قبضوں کی شکایات کیں۔