پشاور،20جولائی(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان آج ریگی چیک پوسٹ حملہ کے زخمیوں کی عیادت کرنے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلی نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریگی چیک پوسٹ حملہ اور باڑہ دھماکہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دلخراش واقعات میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ ہوا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور تمام ادارے مل کر اس قسم کے واقعات کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، کیونکہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز کے نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کر رہے۔
اعظم خان نے کہاکہ پوری قوم شہداء کی ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔











