وراثتی جائیداد سے محروم کرنے پرنائب تحصیلداراور پٹواری کو 20سال قیدبامشقت اور4لاکھ روپے جرمانے کی سزا

25

جوہرآباد،21 جولائی (اے پی پی):سپیشل جج اینٹی کرپشن سرگودھا نے وراثتی جائیداد سے محروم کرنے پرنائب تحصیلداراور پٹواری کو 20سال قیدبامشقت اور4لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ مقدمہ میں ملوث پرائیویٹ ملزمان کو15سال قید بامشقت اور3لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔مدعی کے بھائیوں نے ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کر کے جعلی اور بوگس انگوٹھے لگا کراپنی بہن کی وراثتی جائیداد ہتھیالی تھی ۔

احمد بلال شاہ اورمحمد آصف شاہ نےملک  احمد نوازراجڑ نائب تحصیلدار،امیر افضل پٹواری وغیرہ  سے ملی بھگت کر کے اپنی بہن فائمہ شاہین کے بوگس انگوٹھے لگا کر اُسے وراثتی جائیداد سے محروم کر کے جائیدادآگے فروخت کر دی تھی۔جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے بعداز انکوائری ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر25/2016تھانہ اینٹی کرپشن میانوالی میں درج کر کے تفتیش سرکل آفیسر اینٹی کرپشن خوشاب کے سپرد کی۔

مقدمہ کی تفتیش کے دوران ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی گئی اورمدعی مقدمہ کے دستخط اور انگوٹھا جات کا فرانزک ٹیسٹ،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے کروایا گیا جو کہ بوگس ثابت ہوا جس پر  ملزمان کے خلاف چالان عدالت سپیشل جج اینٹی کرپشن سرگودھا میں پیش کیا۔

عدالت میں ملزمان اپنی بے گناہی ثابت نہ کرسکے جس پر سپیشل جج اینٹی کرپشن سرگودھا  شہزاد حسین بھٹی نے ملزم ملک  احمدنوازراجڑنائب تحصیلدار، امیر افضل پٹواری، احمد بلال شاہ، محمد آصف شاہ، ارشد خان اور محمد صادق کودفعہ 420میں پانچ سال قید بامشقت اورایک لاکھ روپے جرمانہ دفعہ468میں پانچ سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ471میں پانچ سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دفعہ5(2)47میں نائب تحصیلدار اورپٹواری کو پانچ سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 3ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔مقدمہ کے فیصلہ سنانے کے بعد اینٹی کرپشن سرگودھا کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا۔