ڈی جی خان؛ تین ملزمان تھانے کی چھت پھاڑ کر فرار،ڈی پی او نے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکار معطل کردیئے

15

 ڈیرہ غازی خان،28 جولائی(اے پی پی): تین ملزمان تھانے کی چھت پھاڑ کر فرار ہو گئے،ڈی پی او نے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکار معطل کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے جھوک اترا کے تھانے سے تین ملزمان کے فرار ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔اس حوالے سے آر پی او نے کہا کہ معاملے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ کوتاہی کے مرتکب اہلکاران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام وسائل بروے کارلاکر فرار ملزمان گرفتاری کو ہرصورت یقینی بنائی جائے۔اس حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ غازیخان حسن افضل آر پی او کے احکامات پر ایس ایچ او ،محرراور سنتری کو فوری طور پر معطل کرکے حسب ضابطہ کاروائی کا آغازکر دیا گیا ہے اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس کی طرف سے ضلع کے تمام داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی اور ناکہ بندی پوائنٹ پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔واضح رہے کہ تھانہ جھوک اترا میں ملزمان باقر امتیاز، مقدمہ نمبر 158/23 اور افتخار مقدمہ نمبر 205/23 حوالات میں بند تھے۔تینوں ملزمان حوالات کی چھت پھاڑ کرفرار ہو گئے۔