لاہور29جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کایوم عاشور پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا فضائی دورہ چیف سیکرٹری۔انسپکٹر جنرل پولیس .کمشنر لاہورڈویژن اور سی سی پی او بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کامعائنہ کیا ۔محسن نقوی نے اندرون شہر، کربلا گامے شاہ، انارکلی، اسلام پورہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے سیکورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے،ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔











