رحیم یار خان،30 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے شیخ زید ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں ملنے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی صفائی ستھرائی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور صفائی امور بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں شہریوں کو معیاری و جدید میڈیکل ہیلتھ کیئر کی فراہمی حکومت پنجاب کا ویژن ہے۔ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بلا تاخیر اور فوری علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے اور ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ڈاکٹرز و پیرا میڈیکس اپنے وارڈز میں مریضوں کے علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دیں، وارڈز میں صفائی کاخصوصی اہتمام اور بیڈز کی اچادروں کو بروقت تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر شفیق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈائریکٹر ایمرجنسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











