اسلام آباد،30جولائی(اے پی پی):چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ پاکستان کے تین روزہ دورہ پر اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئے، ہوائی اڈے پر معزز مہمان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا،چینی نائب وزیراعظم کا ہوائی اڈے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور دیگر پاکستانی حکام نے خیرمقدم کیا ، دو ننھے منے بچوں نے انہیں پھول پیش کئے، چینی نائب وزیراعظم نے طیارے سے اترنے کے بعد وفاقی وزرا کے ساتھ مصافحہ بھی کیا۔معزز مہمان کے استقبال کیلئے ریڈ کارپٹ بچھائے گئے۔ چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ سی پیک کی دس سالہ تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہیں۔ وہ پاکستانی قیادت سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کیلئے تبادلہ خیال کریں گے۔یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کا حصہ ہے۔