کراچی،31 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے پیر کو یہاں راشد منہاس گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سکول ناظم آباد میں جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
راشد منہاس گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز پرائمری اینڈ سیکنڈری سکول ناظم آباد میں جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیبارٹری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ لیبارٹری میں طلباء کو 15 مختلف جدید آئی ٹی شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں مزید ڈیجیٹل آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، اس قسم کی سہولیات طالب علموں کو خاص طور پر لڑکیوں کو جدید آئی ٹی کی مہارتیں آسانی سے سیکھنے میں مدد دیں گی اور وہ اپنے گھروں سے کام کر کے کمائیں گی۔
راشد منہاس گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سکول ناظم آباد کے پرنسپل کے ساتھ اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ انہیں پہلے مرحلے میں 300 طلباء کے بیچ کو تین ماہ کے آئی ٹی کورسز کی تربیت فراہم کرنے کے بارے میں بریف کیا گیا ہے،تین ماہ کے بعد 300 طلباء کا دوسری بیچ آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کامیاب طلباء کو آئی ٹی ٹریننگ کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ طلباء ڈیٹا اینالیسس، فری لانسنگ، کنٹینٹ رائٹنگ، آن لائن مارکیٹنگ، ایڈوانس ڈیٹا اینالیسس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر جدید آئی ٹی شعبوں میں جدید تربیت کی مہارتیں سیکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں دنیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا۔
سید امین الحق نے اس اسکول کے پرنسپل کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیب کی اس سہولت کو کم از کم اگلے پانچ سالوں تک برقرار رکھنے اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اب اسکول انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے،انتظامیہ کو آئی ٹی لیب میں ایئر کنڈیشن کی تنصیب اور تیز رفتار انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے ذریعے وفاقی وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر اہتمام شروع کیا گیا ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے سمارٹ فونز کے ذریعے دنیا سے منسلک ہونے اور اپنے خاندانوں کے لیے سرمایہ کمانے والے بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب 42 ارب روپے کی لاگت سے جدید آئی ٹی پارک قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک نوجوانوں کے لیے تقریباً 10ہزار ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی نے سیلولر فونز کی مینوفیکچرنگ پالیسی بنائی ہے اور اب ملک میں 29 کے قریب موبائل مینوفیکچرنگ فیکٹریاں کام کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں ہمیں سستی قیمت پر سمارٹ فون مل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب نہ صرف مقامی فرمیں بلکہ بین الاقوامی برانڈز بھی ملک میں موبائل فون تیار کر رہے ہیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے سکول کی انتظامیہ اور طلباء کو ان کے سکول میں جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیب کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور آئی ٹی ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے دور میں اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
قبل ازیں ایگنایٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم شہریار نے شرکاء کو مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جو ان کی کمپنی کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ناظم آباد خدیجہ تسلیم نے جدید ڈیجیٹل آئی ٹی لیب کے قیام میں تعاون پر وفاقی وزیر آئی ٹی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی ڈیجیٹل آئی ٹی لیب ہے جو کسی بھی سرکاری سکول میں قائم کی گئی ہے۔
اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری، کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان و سابق وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی اور دیگر معززین کے علاوہ اسکول کے اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔











