خصوصی اقتصادی زونر میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چینی نائب وزیر اعظم  ہی لیفنگ سے ملاقات میں گفتگو

13

اسلام آباد،31جولائی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان  اپنے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، ٹرانسپورٹ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں کو مضبوط بنانے کیلئے چین کے تعاون اور مدد کا خواہاں ہے۔

صدر ِمملکت نے ان خیالات کا اظہار چین کے صدر شی جن پنگ کے نمائندہ خصوصی اور چین کی ریاستی کونسل کے نائب وزیر اعظم   ہی لیفنگ  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چین کے نائب وزیر ِاعظم نے اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ ایوان ِ صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور چین کے مابین آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان منفرد تعلقات ہیں اور دنیا کو دونوں برادر ممالک کی دوستی سے سبق سیکھنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات تعاون کے نئے شعبوں تک وسعت  پا رہے ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر  مملکت نے کہا کہ سی پیک خطے میں خوشحالی لانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی منظر نامے کو بھی بدل دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں بجلی کی کمی پر قابو پانے میں کافی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کے تمام بنیادی امور پر چین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کی مالی مدد کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ تنازع جموں و کشمیر پر چین کے اصولی مؤقف پر اظہار ِتشکر کیا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم کو ہلالِ پاکستان کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور پاک چین دوستی کو فروغ دینے اور سی پیک منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے نگرانی پر ان کے کردار کو سراہا۔

صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، چینی نائب وزیراعظم نے مارچ 2020 ء میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کے دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے عوام یہ دورہ یاد رکھیں گے کیونکہ صدر ِ پاکستان نے کورونا وبا کے خطرات کے باوجود مشکل وقت میں چین کا دورہ کیا۔ انہوں نے مسرت کے ساتھ اس بات کا اظہار کیا کہ سی پیک سے پاکستان کے سماجی، اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کے منظر نامے میں اہم تبدیلی آئی ہے اور اب یہ پورے خطے اور اس سے باہر  بھی پاکستان کی اقتصادی، تجارتی اور رابطہ کاری کی حیثیت کو مزید بڑھائے گا۔

 نائب وزیراعظم نے صدر عارف علوی کو چین میں غربت کے خاتمے کیلئے چینی حکومت کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ نائب وزیر اعظم نے ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال ِپاکستان عطا کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ  ادا کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔