یوم استحصال کشمیر ، گلگت بلتستان بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں

27

گلگت ،05 اگست(اے پی پی): ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے  تمام اضلاع میں  مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم استحصال کشمیر  منایا گیا۔ اس موقع پر پورے گلگت بلتستان میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جابرانہ تسلط، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف سیمینارز، کانفرنسز، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے اقوام متحدہ اور اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ دوہرے معیار کو چھوڑ کر تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ غاصب اور جابر بھارتی فوج اور فسطائی مودی حکومت سے مظلوم کشمیریوں کو نجات دلائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام آخری دم تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کھڑے ہیں۔

یوم استحصال کی مناسبت سے گلگت،سکردو، ہنزہ ، نگر،غذراورچلاس شہر کی مرکزی شاہراہوں اور عمارتوں پر بینرز آویزاں کیے گئے جن پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔