پشاور، 5 اگست(اے پی پی):یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں نگران صوبائی وزراء حاجی منظورآفریدی، حامد شاہ،مقامی حریت رہنما، ڈی سی پشاور شاہ فہد،سرکاری حکام، طلبہ، سول و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاءنے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مودی حکومت کے کشمیری عوام پر مظالم کیخلاف نعرے بازی کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے لاک ڈاﺅن اور غاصبانہ قبضہ کی شدید مذمت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کئی دہائیوں سے بھارتی جبر و مظالم کا شکار ہیں، ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ آج کے دن مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی، جس کا عالمی انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں جو انسانی حقوق کے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں لیکن ہم پاکستانی ہمیشہ سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔











