ملتان، 05اگست(اے پی پی ): چیف پوسٹ ماسٹر ملتان جی پی او فائزہ خالد راؤ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے غیر انسانی اقدامات کو فلفور واپس لے کر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کی جدا گانہ حیثیت بحال کرے، 5اگست 2019کا دن کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، ہندوستان بڑی بے شرمی سے کشمیریوں کا مظالم ڈھانے کا ہر حربہ استعمال کر رہا ہے، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار چیف پوسٹ ماسٹر ملتان جی پی او فائزہ خالد راؤ نے ملتان جنرل پوسٹ آفس کے زیر اہتمام یوم استحصال کی واک سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین عبدالروف خان ، شاہد یوسف ، محمد اسحاق ، رانا محمد ریاض ،مظہر،علی شبیر ،جاوید اقبال ،محمد عتیق اللہ،محمد فیاض و دیگر نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے بھارت کی اس ہٹ دھرمی کا فلفور نوٹس لے اور بھارت کی طرف سے کشمیری ریاست کی حیثیت کو بحال کر کے کشمیر کی وادی میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی وادی کا ہر گھر شہیدوں کے خون سے روشن ہے، کشمیری عوام اپنی آزادی کا پرچم مضبوطی سے تھامے کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وادی کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی۔











