تھرپارکر؛یوم آزادی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ  اجلاس

18

تھرپارکر، 11 اگست (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر عبدالحمید مغل کی زیر صدارت 14 اگست یوم آزادی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں  کانفرنس ہال مٹھی میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے  کہا کہ  یوم آزادی کا دن جوش و جذبے سے منایا جائے گااور  شہروں سمیت مارکیٹوں کو پرچم اور لائٹنگ سے سجایا جائےگا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جشن یوم آزادی بہتر طریقے سے منانے کے لیے بہتر اقدامات کیے جائیں اور انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں جوش وجذبہ اجاگر کرنے کے لیے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم اور 76 واں  جشن  آزادی کے حوالے سے پینا فلیکس آویزاں کریں اور برقی قمقموں سے سرکاری عمارتوں کو سجایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو جشن آزادی منانے کے لیے پرچم کشائی اور سلامی دینے کی مرکزی تقریب  گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی میں منعقد کی جائے گی۔ جس میں طالب علموں کے تقریری مقابلہ سمیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس خوشی کہ موقع پر امن وامان بحال کرنے والی فورسز شہید  کی قربانیوں کو بھی یاد رکھا جائے گا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ تعلیم کے افسران اس ضمن میں اسکولوں میں تقریبات کا اہتمام کریں اور تمام ٹاون آفیسرز اپنے ٹاون کمیٹیز میں جشن آزادی کی مناسبت سے بہترین اقدامات کریں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ 14 اگست کے دن ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے،  عوامی تفریح مقامات سمیت مختلف راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، ون ویلنگ کرنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کی ہسپتالوں میں انتظامات کو بہتر بنانے سمیت مختلف تفریح جگہوں پر ایمبولینسز سروس کو یقینی بنایا جائے۔