ڈیرہ غازی خان،13 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں مشینری کی فعالیت، سہولیات کی فراہمی اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی اور مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے کنسٹرکشن ورک،مشینری کو فنکشنل کرنے،ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری،مریضوں کو دستیاب ادویات کی فراہمی،فنانشل پوزیشن بارے انہیں روزانہ رپورٹ دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ہسپتال میں مزید گیس کنکشن کیلئے این او سی کا اجراء کیا جائے اور ہسپتال کے وارڈز کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چالو،بلڈ بنک کو فعال رکھا جائے اور کسی بھی مسئلے کو براہ راست ان کے نوٹس میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے فنڈز ریوائزڈ پراسس کیلئے رابطوں میں رہا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی، ایم ایس ڈاکٹر نجیب الرحمن،سی او ایم سی جواد الحسن گوندل،ایکسیئن بلڈنگ محمد کامران،ایس ڈی او فخر بلال،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین نے شرکت کی۔