ڈیرہ غازی خان،13 اگست(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کے احکامات پر ریجن کے چاروں اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور اور لیہ میں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف اقدامات مکمل کر لیئے گئے ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کی زیر نگرانی شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکورٹی ہائی الرٹ ہوگی تاکہ شہری جشن آزادی کی خوشیاں پر امن اور پورے جوش وجذبے سے منا سکیں۔ چاروں اضلاع میں 14 اگست یوم آزادی کی 55 تقریبات جن میں ڈیرہ غازی خان میں 9، مظفر گڑھ میں 17، راجن پور میں 11 اور لیہ میں 18 تقریبات منعقد ہوں گی ان کی سکیورٹی پر 16 ڈی ایس پیز، 8 انسپکٹرز اور 241 سب انسپکٹرز، اے ایس آئی سمیت 2133 اہلکاران تعینات کیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کی 18، کوئیک رسپانس کی 14 ،پٹرولنگ وہیکلز 68، موٹرسائیکل اسکواڈ کی 60 ٹیموں کے ہمراہ ڈولفن اسکواڈ کے دستوں کا گشت بھی جاری رہے گا ۔تقریبات میں داخلہ پر 15 واک تھرو گیٹ اور 97 میٹل ڈیٹکڑ کے ذریعے تلاشی لی جائے گی جبکہ تقریبات اور حساس مقامات کی نگرانی کے لیے 191 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کی خوشیاں مکمل جوش وخروش اور جذبے سے مناتی ہیں ان خوشیوں کو مناتے ہوئے یہ خصوصی خیال کرنا چاہے کہ کسی ایسی سرگرمیوں کا حصہ مت بنیں کہ جن سے معاشرے میں رہنے والے دوسرے انسانوں کو پریشانی اور تکلیف لاحق ہو۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، ان کو ون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے دور رکھ کر کسی سنگین پریشانی سے بچیں۔











