حب،14اگست(اے پی پی ): بلوچستان کے صنعتی ضلع حب میں پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار کےاحاطے میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان خلجی نے پرچم کشائی کی اور قومی پرچم بلند کر کے تقریب کا باقاعدہ آغازکیا۔تقریب میں پاکستان کی 76ویں جشن آزادی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں ایف سی 54 ونگ کے لیفٹننٹ کرنل حارث ایس پی محمد مراد ڈی ایس پی رفیق حمزہ چیئرمین ضلع کونسل حب محمد ابراہیم دودا سرکاری محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
جشن آزادی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان خلجی نے کہا کہ ضلع حب میں جشن آزادی کی 76 ویں سالگرہ کی شاندار تقریبات میں عوام اور بلدیاتی نمائندے بھرپور انداز میں شریک ہیں، ضلعی انتظامیہ نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کی تفریح کیلئے کھیلوں بیچ سینڈ آرٹ کے منفرد مقابلوں اور سرکاری اسکولوں میں ٹیبلوز پروگرامز ترتیب دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ قیام پاکستان برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔پاکستان کے دفاع اور استحکام کیلئے افواج ہاکستان کی شاندار خدمات اور قربانیوں پر بلوچستان کے عوام کو فخر ہے، ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے عوام ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حب کے قیام کے بعد نہ صرف انتظامی ادارے فعال ہیں بلکہ عوام کو ریلیف ملا ہے۔
ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان نے کہا کہ چودہ اگست کی تقریب میں ہم نے اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ ملکی استحکام ترقی کیلئے ہر شخص اپنا کردار نبھائے۔











