رحیم یار خان،15اگست(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ضلع میں“اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے یوسی بندور موضع منظور آباد میں پروگرام کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیہات میں عوام کوشہرکی طرز پر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے میں “اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورصفائی کا مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا ، دیہات میں لوگوں کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ پروگرام کے تحت گاؤں میں رہنے والوں کو پیدائش،فوتگی سر ٹیفکیٹ،شادی اورطلاق رجسٹریشن کیلئے دور دراز نہیں جانا پڑے گا،گاؤں کی حالت سدھارنے کیلئے مقامی معززین پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں میں کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو حاصل ہوگا،کمیٹی گائوں میں موجود ہر گھر سے ماہانہ 100 روپے فیس جمع کرے جبکہ ہر گاؤں سے وصول ہونے والا ریونیو گاؤں کی ہی بہتری پر خرچ ہوگا ۔
افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر ، ڈی ڈی ایل جی ، سی او ضلع کونسل چوہدری شفیق موجود تھے۔











