وزیر اعلی محسن نقوی کارائیونڈ میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے سنٹرروشن گھر کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ لیا

22

لاہور،15اگست  (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے منگل  کو رائیونڈ میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے سنٹرروشن گھر کا دورہ کیااور نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے سنٹر کے مختلف سیکشن اورنشے کے عادی افراد کے وارڈز کا معائنہ کیا۔انہوں نے نشے کے عادی افراد سے ملاقات کی اور انہیں نشہ چھوڑنے کی تلقین کی۔ انہوں  نے نشے کے عادی افراد کی بحالی وعلاج معالجہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے نئے سنٹرز بنانے کا حکم دیا۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر اورسیکرٹری ہیلتھ کونشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے مزید سنٹرز بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 2 ہفتے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں مجموعی طورپر400بیڈز کی گنجائش والے نئے سنٹرز مکمل کئے جائیں۔انہوں  نے ہدایت کی کہ روشن گھر میں نشے کے عادی افراد کو معیاری کھانا اور باقاعدگی سے پھل بھی دیئے جائیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا اورنشے کے عادی افراد کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے نشے کے عادی افراد کے لئے کمپیوٹر لیب اور ٹیلرنگ ڈومیسٹک لیب کا دورہ  کیا۔انہوں نے کہا کہ نشہ کی لعنت نے کئی گھر تباہ کر دیئے ہیں، کوشش ہے کہ نشے کے عادی افراد کو زندگی کی طرف واپس لایا جائے۔نشہ آور اشیا کا دھندہ روکنے کیلئے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی کو سیکرٹری سوشل ویلفیئرنے نشے کے عادی افراد کی بحالی اور سیکرٹری صحت نے علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ روشن گھر میں 100 بستروں کی گنجائش ہے۔

صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری ایکسائز، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، کمشنر لاہورڈویژن، ڈی جی سوشل ویلفیئر،ڈپٹی کمشنر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔