لاہور،16اگست ( اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں،دونوں ممالک کے عوام کا آپس میں محبت اور باہمی احترام کا رشتہ ہے ، پاکستان میں نئی انویسٹمنٹ پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے قونصل جنرل اومیر اوزبے سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے بدھ کو یہاں گورنر سے الوداعی ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورتجارت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے امیر اوزبے کی بطور قونصل جنرل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی بطور قونصل جنرل ترکیہ تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا گیا۔ گورنر پنجاب نے ترکیہ کے قونصل جنرل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کا آپس میں محبت اور باہمی احترام کا رشتہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی انویسٹمنٹ پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برادر ملک ترکیہ کے سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھاکر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت کثیر تعداد میں پاکستانی طالب علم ترکیہ میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم اور تجارت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ صدر طیب اردوان نے سیلاب کے دنوں میں جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے مظفر گڑھ میں جو ہسپتال بنایا تھا اسے اب اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردوان ہسپتال دونوں برادر ممالک کی دوستی کی روشن مثال ہے۔
ترکیہ کے قونصل جنرل اومیر اوزبے نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی دل کھول کر مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ویزے کے حصول اور سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے انہیں بہت محبت دی اور وہ یہاں سے بہت سی خوبصورت یادیں لے کر جا رہے ہیں۔











