لاہور،16 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ بروقت اقدامات کی بدولت سموگ پر قابو پایا جا سکتا ہے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نےمحکمہ ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر فعال ہو کر سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات کی اور کہا کہ ہر حال میں سموگ پر قابو پانا ہے، فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیرِ اہتمام چلنے والی ان فِٹ گاڑیاں بھی ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں چلنے والی گاڑیوں کی فٹنس کے حوالے کڑی جانچ پڑتال کی جائے اور دھواں مارنے والی کمرشل گاڑیوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی بدولت عام عوام کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،بروقت اقدامات سے سموگ پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اجلا س میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سیکریٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیصل مانگٹ، و دیگر شریک ہوئے۔











