فیصل آباد،18اگست(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رات گئے جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کا دورہ کیا اور شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں رونما ہونیوالے افسوسناک واقعات کے حوالے سے مسیحی کمیونٹی کے نمائندوں اورمختلف مکاتب فکر کے شہریوں سے ملاقات کی۔انہوں نے مسیحی آبادی میں متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کا جائزہ لیااور مسیحی کمیونٹی کو پنجاب پولیس کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کی بحالی کے کام کا فوری آغاز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس متاثرہ مسیحی کمیونٹی کے بچوں کو پولیس ویلفیئر سکولز میں مفت تعلیم اورتمام متعلقہ سہولیات فراہم کرے گی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور مکمل طور پر ناقابل برداشت ہے جس میں ملوث مرکزی ملزمان سمیت 5 دیگرمقدمات کا اندراج کرکے قانون شکنی کرنیوالے سوا سو سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ جدید سائنسی ٹیکنالوجی، جیو فینسنگ، فیس میچنگ اور ویڈیوز،فوٹیجز سمیت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دیگر ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ پولیس افسران و دیگر سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں مختلف خطوط پر سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کررہی ہیں تاکہ اصل حقائق تک پہنچنے میں مدد مل سکے اور ان محرکات کا پتہ چلایا جاسکے جو اس افسوسناک واقعہ کا موجب بنے۔
آئی جی نے کہا کہ معاشرے کے کسی بھی طبقے کی طرف سے کسی کے خلاف خاص طورپراقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کیلئے برابر ہیں اسلئے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کوبلاامتیاز انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی اور مسلم برادری میں دراڑڈالنے، عدم برداشت، بداعتمادی اور پرتشدد رویے پیدا کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملکی امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی اورقرآن پاک کی بے حرمتی سمیت مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیاجس کی تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جا ئے گا۔انہوں نے تمام مذاہب کے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے اردگرد شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ماحول کو پرسکون بنانے میں مدد مل سکے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے علماء کرام اورامن کمیٹی کے ارکان سے بھی کہا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملکی امن کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی نفری مختلف جگہوں پر موجوداور اپنا کام کر رہی ہے جبکہ انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بھی مزید فعال بنایا گیا ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا احتمال نہ رہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بدامنی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد سلوت سعید،ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادعابد خان، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس،سی پی او عثمان اکرم گوندل،ایس ایس پی محمد افضل، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔











