لاہور،19اگست (اے پی پی):وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے لاہور میں واقع چار تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیااور ان ہسپتالوں میں کام کرنے والے کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی حاضری کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا محکمہ پرائمری ہیلتھ میں نااہل اور کام چور افراد کی کوئی گنجائش نہیں۔ مریضوں کے علاج معالجے اور انہیں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے گا۔انہوں نے کہا وزیر اعلی محسن نقوی کے ویژن کے تحت پنجاب کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں ،لاہور کے ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کروں گا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے ہفتہ کو سمن آباد، سوڈی وال، غازی آباد اور میاں میر ہسپتالوں کا معائنہ کیا۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل ملک اور ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی شاہد ندیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے لاہور کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ایمرجنسی، ان ڈور وارڈز، لیبارٹریوں، فارمیسی، الٹراساؤنڈ اور دیگرکے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے مسائل معلوم کئے۔
وزیر پرائمری ہیلتھ نے ڈینگی کاؤنٹرز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں لیبارٹریوں کا کوالٹی کنٹرول مزید بہتر کیا جائے۔ مریضوں کی ضروریات کے مطابق ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پرچی کاؤنٹر پر مریضوں کو طویل انتظار کروانے کی بجائے عملہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔











